ابنا: اطلاعات کے مطابق اس سال اس کانفرنس کا موضوع پیغمبر اعظم (ص) ، اسلامی تشخص کا مظہر ہے۔ اس کانفرنس میں دنیا کے ایک سو سے زائد ممالک سے علماء اور دانشور شرکت کر رہے ہیں۔ چھبیسویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس میں ایران سے تقریبا ایک ہزار علمی شخصیات اور دنیا کے دیگر ممالک سے تقریبا تین سو علمی و سیاسی شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔ کانفرنس کے مندوبین سترہ ربیع الاول کو پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت با سعادت کے موقع پر رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات کریں گے۔ دنیا خاص طور پر عالم اسلام کے موجودہ حالات کے پیش نظر یہ کانفرنس بہت ہی اہمیت کی حامل ہے۔
پہلی وحدت اسلامی کانفرنس انیس سو چھیاسی میں بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی جانب سے بارہ سے سترہ ربیع الاول کو ہفتۂ وحدت قرار دینے کے بعد منعقد ہوئی۔ اس وقت سے لے کر اب تک یہ کانفرنس ہر سال تہران میں منعقد ہوتی ہے جس میں پوری دنیا سے علماء کرام،دانشور اور ممتاز شخصیات شرکت کرتی ہیں۔
اس سال بھی جامعۃ الازہر کے ممتاز علماء، سوڈان تیونس اور شام کے مفتی اعظم اور پاکستان اور ھندوستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک سے اہم علمی و سیاسی شخصیات اس کانفرنس میں شرکت کر رہی ہیں۔
.......
/169